راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) آج دوپہر راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں اچانک طوفانی آندھی اور گرد و غبار چھا گیا، جس کے باعث دن کے وقت ہی اندھیرا چھا گیا۔ تیز ہواؤں اور مٹی کے بگولوں نے نظام زندگی کو مفلوج کر دیا۔
محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق، راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، چکوال، جہلم، اٹک اور دیگر علاقوں میں آندھی، گرج چمک، ژالہ باری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
راولپنڈی میں آندھی کی رفتار 70 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی، جس سے درخت اور سائن بورڈز گرنے کے واقعات پیش آئے۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق، یہ موسمی سلسلہ آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
