TM-4 News
لوڈ ہو رہا ہے...
TM-4 NEWS
اسلامی تاریخ لوڈ ہو رہی ہے...

ٹول پلازہ بالاکوٹ سنگڑ: یونین کونسل گھنول کے چیئرمینز کی AC بالاکوٹ سے اہم ملاقات، مطالبات پیش




بالاکوٹ  (نمائندہ خصوصی)
گزشتہ روز بالاکوٹ کے نواحی علاقے سنگڑ میں حال ہی میں نصب ہونے والے NHA ٹول پلازہ کے حوالے سے یونین کونسل گھنول کی چاروں VC's کے منتخب چیئرمینز نے اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ سے اہم ملاقات کی۔
اس ملاقات میں چیئرمین اشفاق خان VC سنگڑ گراں حسام آباد، چیئرمین مقدر حسین VC گھنول، چیئرمین آصف علی VC سنگڑ، چیئرمین صادق حسین VC بھنگیاں اور ممبر علی اکبر کونسلر سنگڑ بھی شریک ہوئے۔
مقامی عمائدین نے تحریری طور پر اپنے علاقے کے دیرینہ مسائل AC بالاکوٹ کے گوش گزار کیے اور مطالبہ کیا کہ مقامی لوگوں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ ملاقات میں جو اہم مطالبات پیش کیے گئے، ان کی تفصیل کچھ یوں ہے:

مطالبات کی تفصیل

1️⃣ ٹول پلازہ کی جگہ کی تبدیلی یا الگ لائنیں:
چیئرمین حضرات نے مطالبہ کیا کہ موجودہ جگہ پر ٹول پلازہ کا قیام انتہائی نامناسب ہے کیونکہ جگہ تنگ اور دشوار گزار ہے۔ مقامی آبادی کو ٹریفک جام، رش اور آمد و رفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس سے اسکول کے بچوں، ملازمین اور کاروباری افراد کا نظامِ زندگی مفلوج ہو چکا ہے۔ اس لیے یا تو ٹول پلازہ کو کسی مناسب مقام پر منتقل کیا جائے یا مقامی گاڑیوں کے لیے الگ لائنیں مخصوص کی جائیں۔

2️⃣ علاقائی آمدن مقامی ترقی پر خرچ ہو:
یونین کونسل گھنول کی چاروں VC's سنگری، گھنول، بھنگیاں اور سنگڑ گراں حسام آباد کے لیے اس ٹول پلازہ سے ہونے والی آمدنی سے فنڈ مقامی ترقیاتی کاموں پر خرچ کیا جائے۔

3️⃣ مقامی گاڑیوں کی شناخت کا نظام:
مقامی لوگوں کی گاڑیوں کے لیے ایک خصوصی شناختی سسٹم وضع کیا جائے تاکہ بلا وجہ رکاوٹ اور مشکلات پیش نہ آئیں۔

4️⃣ ملازمین کی مقامی بھرتی:
ٹول پلازہ پر تعینات ہونے والے ملازمین کا انتخاب یونین کونسل گھنول سے ہی کیا جائے تاکہ مقامی نوجوانوں کو روزگار ملے۔

5️⃣ یونین کونسل گھنول کو ٹول فری قرار دیا جائے:
چیئرمین حضرات کا مطالبہ ہے کہ یونین کونسل گھنول کی مقامی آبادی کو ہمیشہ کے لیے ٹول پلازہ فیس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے اور اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

AC بالاکوٹ کی یقین دہانی

اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ نے تمام مطالبات کو بغور سنا اور مقامی نمائندوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان مطالبات کو متعلقہ اعلیٰ حکام تک پہنچایا جائے گا اور جلد از جلد مثبت اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post