گھوٹکی (نامہ نگار) سندھ کے ضلع گھوٹکی کے علاقے سردار گڑھ میں انسانیت کو شرما دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے ایک بے زبان بھینس کی زبان کاٹ دی۔ اس دلخراش واقعے نے علاقے میں خوف اور غم و غصے کی فضا پیدا کر دی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مویشی خانہ کے مالک نے صبح کے وقت اپنی بھینس کی حالت غیر دیکھی۔ قریب جا کر دیکھا تو بھینس کے منہ سے خون بہہ رہا تھا اور جانور شدید تکلیف میں مبتلا تھا۔ تفصیلی جائزے پر پتہ چلا کہ بھینس کی زبان مکمل طور پر کاٹ دی گئی ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی۔ جانوروں سے محبت کرنے والے اور انسانی ہمدردی رکھنے والے شہریوں نے اس ظلم پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے درندگی کی بدترین مثال قرار دیا۔
متاثرہ مالک نے فوری طور پر مقامی پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ فی الحال واقعے کے محرکات سامنے نہیں آ سکے۔
