اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اتوار کے روز اسلام آباد اور گردونواح کے علاقوں میں شدید آندھی، گرج چمک اور موسلا دھار بارش نے نظامِ زندگی متاثر کر دیا۔ موسم کی خرابی کے دوران وفاقی دارالحکومت میں آسمانی بجلی گرنے سے آگ لگنے کا واقعہ بھی پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق، اسلام آباد کے ایک علاقے میں اچانک آسمانی بجلی گرنے سے زور دار دھماکہ ہوا اور ایک درخت میں آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں شعلے بلند ہوتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ فائر بریگیڈ کو فوری اطلاع دی گئی جس نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ادھر راولپنڈی، اسلام آباد اور پشاور سمیت کئی علاقوں میں تیز آندھی اور گرج چمک کے باعث درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جبکہ متعدد مقامات پر سائن بورڈ بھی زمین بوس ہو گئے۔ کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی جبکہ شہریوں کو ٹریفک کی روانی میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے علاقوں میں مزید گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (NEOC) کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محفوظ مقامات پر قیام کریں۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں ملک کے مختلف حصوں میں موسمی شدت کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں آئندہ دنوں میں مزید غیر متوقع حالات کے لیے تیار رہنے کی تنبیہ جاری کی ہے۔
