TM-4 News
لوڈ ہو رہا ہے...
TM-4 NEWS
اسلامی تاریخ لوڈ ہو رہی ہے...

کراچی میں چار دن کے دوران 26 زلزلے! ماہرین کی نئی پیشگوئیاں، شہریوں میں خوف کی لہر


کراچی (اسپیشل رپورٹ) کراچی میں گزشتہ چار دنوں کے دوران زلزلوں کی غیر معمولی سرگرمی دیکھنے میں آئی ہے۔ اتوار سے بدھ کے درمیان شہر کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 26 زلزلے ریکارڈ کیے گئے، جن کی شدت 2.0 سے 3.6 کے درمیان رہی۔
زلزلوں کا مرکز زیادہ تر لانڈھی، قائدآباد، گڈاپ، ملیر اور ڈی ایچ اے کے علاقوں میں رہا جبکہ ان کی گہرائی 10 سے 80 کلومیٹر کے درمیان رہی۔ ان معمولی جھٹکوں کے باوجود، شہریوں میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔
ڈائریکٹر زلزلہ پیما مرکز ڈاکٹر نجیب احمد کے مطابق، یہ سرگرمی لانڈھی فالٹ لائن میں تیزی کے باعث ہے اور آئندہ تین سے چار روز تک مزید جھٹکوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا ہے کہ ان زلزلوں کی شدت معمولی یا درمیانے درجے کی ہوگی اور کسی بڑے زلزلے کا فوری خطرہ موجود نہیں۔
دوسری جانب، ارتھ کوئیک نیوز اینڈ ریسرچ سینٹر کے سربراہ شہباز لغاری نے ایک سخت انتباہ جاری کیا ہے کہ کراچی میں جمعرات اور ہفتہ کی درمیانی شب شدید زلزلہ آ سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چھوٹے جھٹکے بعض اوقات بڑے زلزلے کی پیشگی علامت ہوتے ہیں، اس لیے موجودہ صورتحال کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔
اس پیشگوئی کے جواب میں چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر کا کہنا ہے کہ دنیا میں زلزلے کی درست پیشگوئی ممکن نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں آنے والے حالیہ زلزلے فالٹ لائن کی قدرتی ایڈجسٹمنٹ کا حصہ ہیں، اور شہری افواہوں پر یقین نہ کریں بلکہ مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔

احتیاطی تدابیر اپنائیں

ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ:
کسی بھی زلزلے کی صورت میں کھلے میدان یا محفوظ جگہ پر منتقل ہو جائیں
عمارتوں سے دور رہیں
اپنی اور اپنے خاندان کی حفاظت کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کریں
یہ صورتحال ایک مرتبہ پھر ہمیں یہ احساس دلاتی ہے کہ قدرتی آفات کے لیے پیشگی تیاری اور آگاہی کتنا اہم ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post