TM-4 News
لوڈ ہو رہا ہے...
TM-4 NEWS
اسلامی تاریخ لوڈ ہو رہی ہے...

جامع مسجد امیر حمزہ کھولیاں درویش آباد میں عیدالاضحیٰ کی روح پرور نماز؛ مولانا محمد عرفان کی امامت و پرمغز خطاب


کھولیاں درویش آباد (نامہ نگار خصوصی)  تحصیل بالاکوٹ کے پُرفضا اور روحانی ماحول سے مزین گاؤں کھولیاں درویش آباد کی مرکزی جامع مسجد "امیر حمزہ" میں عیدالاضحیٰ کی نماز انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی۔ نماز کی امامت معروف عالم دین مولانا محمد عرفان صاحب نے کی، جنہوں نے اس موقع پر نہایت مؤثر، مدلل اور دل کو چھو لینے والا خطاب بھی فرمایا۔

قربانی کا فلسفہ اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت پر روشنی

مولانا محمد عرفان نے اپنے بیان میں قربانی کے فضائل، حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم سنت اور رسول اللہ ﷺ کی قربانی پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل محض جانور ذبح کرنے تک محدود نہیں بلکہ خلوص، اطاعت، تقویٰ اور ایثار کا مظہر ہے۔

انہوں نے قرآن و سنت کی روشنی میں وضاحت کی کہ نبی کریم ﷺ نے نہ صرف خود قربانی کی بلکہ اپنی امت کی جانب سے بھی قربانیاں پیش کیں۔ مولانا نے سامعین کو یاد دلایا کہ قربانی میں نیت کا اخلاص سب سے اہم ہے، اور یہی اصل عبادت ہے۔

قربانی کے شرعی آداب اور صفائی کا خصوصی پیغام

مولانا محمد عرفان صاحب نے ذبح کرنے کے شرعی طریقہ کار پر بھی روشنی ڈالی اور واضح انداز میں بتایا کہ جانور کو تکلیف دیے بغیر، نرمی اور احتیاط کے ساتھ ذبح کرنا چاہیے۔ انہوں نے خصوصاً اس بات پر سختی سے زور دیا کہ:

"قربانی کے بعد الاشوں (جانور کے ناقابلِ استعمال اعضا) کو کھلے عام پھینکنے کے بجائے دفن کیا جائے تاکہ ماحول میں تعفن نہ پھیلے اور صفائی کا اسلامی پیغام بھی قائم رہے۔" یہ ہدایت علاقے میں صفائی اور صحت کے اصولوں کے نفاذ کے حوالے سے ایک اہم قدم ہے۔

نوجوانوں کو خیر کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین

خطاب کے دوران مولانا محمد عرفان نے نوجوانوں کو خصوصی طور پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ:

"نوجوان ملت کا سرمایہ ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ خیر، بھلائی، سماجی خدمت اور دینی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں تاکہ ایک پاکیزہ، بامقصد اور منظم معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔"

سکیورٹی اہلکاروں سے حسنِ سلوک کا پیغام

عیدالاضحیٰ کے موقع پر علاقے میں زیر تعمیر ڈیموں پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں کو فراموش نہ کرتے ہوئے، مولانا نے مقامی افراد کو تلقین کی کہ:

"یہ جوان اپنے گھروں سے دور، ہماری حفاظت کے لیے موجود ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ان کے لیے کھانے اور گوشت کا اہتمام کریں اور ان سے حسنِ سلوک سے پیش آئیں کیونکہ یہ ہمارے مہمان ہیں۔"

عالم اسلام اور فلسطین کے لیے دعائیں

نماز عید کے اختتام پر مولانا محمد عرفان صاحب نے ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔ اس کے ساتھ ساتھ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے بھی رقت آمیز دعائیں کی گئیں، جن میں نمازیوں نے آہوں، سسکیوں اور آنسوؤں کے ساتھ شرکت کی۔

Post a Comment

Previous Post Next Post