16 اپریل 2026ء کی شام، حطار، ہری پور میں پیش آنے والا گیس لائن دھماکہ اور اس کے نتیجے میں لگنے والی ہولناک آتشزدگی ایک نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والا سانحہ ہے، جس نے نہ صرف کئی قیمتی جانیں ہم سے چھین لیں بلکہ متعدد گھروں کے چراغ بھی گل کر دیے۔ یہ حادثہ اپنے پیچھے غم، درد اور بے بسی کی ایک ایسی داستان چھوڑ گیا ہے، جسے بیان کرنا بھی مشکل ہے۔
اللہ جل جلالہ ان تمام مرحومین کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی قبور کو نور سے بھر دے، ان کے درجات بلند فرمائے، اور بالخصوص ان معصوم بچوں کو شفاعتِ مقبولہ عطا فرمائے، جو اس سانحے کا شکار ہوئے۔ آمین۔
یہ حادثہ یقیناً لواحقین کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ اللہ تعالیٰ تمام متاثرہ خاندانوں کو اس اچانک اور صدمہ انگیز آزمائش پر صبرِ جمیل عطا فرمائے، انہیں ہمت اور استقامت نصیب فرمائے، اور ان کے ٹوٹے دلوں کو اپنی رحمت سے سکون و قرار عطا فرمائے۔ آمین۔
اس سانحے میں جہاں جانی نقصان ہوا، وہیں بہت سے افراد مالی طور پر بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ کئی لوگوں کے گھر، سامان اور جمع پونجی اس حادثے کی نذر ہو گئی۔ اللہ رب العزت اپنے فضل و کرم سے تمام متاثرین کو اس نقصان کا بہترین نعم البدل عطا فرمائے اور ان کے لیے آسانیاں پیدا فرمائے۔ آمین۔
ایسے افسوسناک واقعات ہمیں جھنجھوڑ کر یہ احساس دلاتے ہیں کہ احتیاطی تدابیر، حفاظتی انتظامات اور اجتماعی ذمہ داری کتنی اہم ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ متعلقہ ادارے فوری اور مؤثر اقدامات کریں تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔ ہم سب کو چاہیے کہ حادثات سے بچاؤ کی مسنون دعاؤں کا صبح و شام باقاعدگی سے اہتمام کریں، اور اپنے اردگرد حفاظتی اصولوں پر بھی عمل کریں، تاکہ اپنی اور دوسروں کی جانوں کی حفاظت ممکن بنائی جا سکے۔
قاری غلام سرور، ہری پور
