ناران: ضلع مانسہرہ کے معروف سیاحتی مقام ناران میں ایک انتہائی افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں بکریاں چراتے ہوئے ایک 23 سالہ نوجوان پاؤں پھسلنے کے باعث گہری کھائی میں جا گرا اور جان کی بازی ہار گیا۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت عمر ولد نثار کے نام سے ہوئی ہے، جو معمول کے مطابق ناران کے پہاڑی علاقے میں بکریاں چرا رہا تھا۔ اسی دوران دشوار گزار راستے پر اس کا اچانک پاؤں پھسل گیا، جس کے نتیجے میں وہ سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں جا گرا اور شدید زخمی ہو گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ مشترکہ کوششوں کے بعد زخمی نوجوان کو کھائی سے نکال کر ابتدائی طبی امداد کے لیے بیسک ہیلتھ یونٹ (BHU) ناران منتقل کیا گیا، تاہم وہ شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد نوجوان کی میت ورثاء کے حوالے کر دی گئی، جہاں اسے آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپردِ خاک کرنے کی تیاریاں کی گئیں۔
واضح رہے کہ ناران کے پہاڑی علاقے اپنی قدرتی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ دشوار گزار راستوں کی وجہ سے بھی مشہور ہیں، جہاں معمولی سی غفلت یا پاؤں پھسلنے کے باعث جان لیوا حادثات پیش آنے کا خدشہ رہتا ہے۔ مقامی افراد اور سیاحوں کو چاہیے کہ ایسے علاقوں میں انتہائی احتیاط سے نقل و حرکت کریں۔
