بالاکوٹ کھولیاں کے مقام پر پہاڑ سے پتھر اور تودہ گرنے سے سیاحوں کی گاڑی حادثے کا شکار، کمسن بچہ جاں بحق، دو خواتین شدید زخمی
بالاکوٹ: مانسہرہ کے سیاحتی علاقے بالاکوٹ کے قریب کھولیاں کے مقام پر پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے میں پہاڑ سے اچانک وزنی پتھر اور مٹی کا تودہ گرنے کے باعث سیاحوں کی مہران کار حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے کے نتیجے میں ایک کمسن بچہ جاں بحق جبکہ دو خواتین شدید زخمی ہو گئیں۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان ناران سے سیر و تفریح کے بعد واپس قلندر آباد جا رہا تھا کہ کھولیاں کے مقام پر اچانک پہاڑ سے پتھر اور مٹی کا تودہ گاڑی پر آ گرا۔ شدید سنگ باری کے باعث گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار افراد ملبے کی زد میں آ گئے۔
حادثے کے نتیجے میں زوریان رمیز نامی کمسن بچہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا، جبکہ گاڑی میں سوار دو خواتین شدید زخمی ہوئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ریفرل سروس کی ایمبولینس اور میڈیکل ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں اور دیگر متاثرین کو تحصیل ہیڈ کوارٹر (THQ) ہسپتال بالاکوٹ منتقل کیا، جہاں طبی عملے نے زخمی خواتین کو ہنگامی طبی امداد فراہم کی۔ ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد کمسن بچے زوریان رمیز کی موت کی باضابطہ تصدیق کر دی۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں مسلسل بارشوں کے باعث بالاکوٹ، کاغان اور ناران شاہراہ کے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور سنگ باری کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے باعث سیاحوں اور مقامی مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
