بالاکوٹ: کاغان روڈ پر المناک حادثہ، ٹرک گہری کھائی میں جا گرا، ڈرائیور لاپتہ
بالاکوٹ (نمائندہ خصوصی)
سیاحتی وادی کاغان جانے والی مرکزی شاہراہ پر ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق بالاکوٹ کاغان روڈ پر واقع جرید شینو کے مقام پر ایک مال بردار ٹرک اچانک بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گرا۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹرک بل کھاتی سڑک پر موڑ کاٹتے ہوئے توازن برقرار نہ رکھ سکا اور سیدھا نیچے کھائی میں جا گرا۔ ٹرک کے ساتھ موجود مسافر اور مقامی افراد نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کیں، تاہم تاحال ٹرک کا ڈرائیور لاپتہ ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ڈرائیور دریا میں بہہ گیا ہے، کیونکہ ٹرک حادثے کے بعد دریا کنارے جا گرا اور وہاں تیز بہاؤ موجود ہے۔ مقامی لوگوں اور ریسکیو نے علاقے میں تلاش شروع کر دی ہے اور ممکنہ مقامات کی چھان بین کی جا رہی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ موقع پر پہنچ گئے۔
یاد رہے کہ کاغان روڈ پر اکثر اوقات ایسے حادثات پیش آتے رہتے ہیں، جن کی بڑی وجہ سڑک کی تنگی، حفاظتی انتظامات کا فقدان اور اوورلوڈنگ بتائی جاتی ہے۔ عوامی حلقوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس شاہراہ پر حفاظتی ریلنگ اور دیگر حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔
تازہ ترین: اپڈیٹ
لاپتہ ڈرائیور کی لاش مل گئی، ڈرائیور ٹرک کے نیچے آ کر دب کر فوت ہوا۔ ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ مقامی افراد نے مل کر لاش نکال لی۔
مزید معلومات کے لیے ہماری ویب سائٹ وزٹ کرتے رہیں۔