شنکیاری (نمائندہ خصوصی) مانسہرہ کی تحصیل شنکیاری کے نواحی گاؤں جھنڈوال میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک خونخوار جنگلی ریچھ نے 15 سالہ لڑکے پر حملہ کر کے اُسے شدید زخمی کر دیا۔
ذرائع کے مطابق زخمی نوجوان ندیم ولد مصطفی حسبِ معمول جنگل میں مویشیوں کے لیے گھاس کاٹ رہا تھا کہ اچانک ایک جنگلی ریچھ نے اُس پر حملہ کر دیا۔ حملہ اس قدر خوفناک اور غیر متوقع تھا کہ نوجوان سنبھل نہ سکا اور ریچھ کے پنجوں اور دانتوں سے شدید زخمی ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی قریبی دیہاتی موقع پر پہنچے اور زخمی نوجوان کو جنگل سے نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ تاہم نوجوان کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث اُسے فوری طور پر ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ زیرِ علاج ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ریچھ کچھ دیر تک علاقے میں منڈلاتا رہا جس کے باعث مقامی لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ علاقے میں بچوں اور بزرگوں کو گھروں سے باہر نکلنے میں بھی ہچکچاہٹ ہو رہی ہے۔
اہلِ علاقہ نے اس افسوسناک واقعے پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے محکمہ جنگلات اور ضلعی انتظامیہ سے فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ریچھ جیسے جنگلی اور خطرناک جانور کی آبادی کے قریب موجودگی انسانی زندگی کے لیے خطرہ بن چکی ہے، اور مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
دوسری جانب متعلقہ اداروں نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے علاقے میں نگرانی اور جنگلی حیات کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے ٹیمیں متحرک کر دی ہیں۔