بالاکوٹ (نمائندہ خصوصی) گزشتہ رات کی شدید بارش نے ایک اور قیمتی جان نگل لی۔ مانسہرہ پولیس کے جوان سید مصدق شاہ برساتی نالے میں بہہ کر جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ بالاکوٹ کے علاقے بسیاں میں اس وقت پیش آیا جب شدید بارش کے نتیجے میں برساتی نالے میں طغیانی آ گئی۔ اس دوران سید مصدق شاہ ولد سید لیاقت شاہ سکنہ کاغان، حال مقیم پھگلہ، نالے میں بہہ گئے۔ متوفی مانسہرہ پولیس میں خدمات سرانجام دے رہے تھے اور بیلٹ نمبر 1311 کے تحت پارس امام بارگاہ میں سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات تھے۔
مقامی افراد کے مطابق، رات گئے موسلا دھار بارش کے بعد نالے میں اچانک پانی کی سطح بلند ہو گئی، اور مصدق شاہ بدقسمتی سے اس میں بہہ گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد فوری طور پر موقع پر پہنچے اور مشترکہ کوششوں سے نعش کو نالے سے نکالا گیا۔
جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی جبکہ ساتھی اہلکاروں اور عوام نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
یہ واقعہ نہ صرف ایک افسوسناک سانحہ ہے بلکہ محکمہ جات اور مقامی انتظامیہ کے لیے ایک سنگین انتباہ بھی ہے کہ شدید موسمی حالات کے دوران سکیورٹی ڈیوٹی، سڑکوں کی حالت اور برساتی نالوں کے قریب موجود اہلکاروں کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔